بھٹکل6 اگست (ایس او نیوز) ہوناورکی خلیج مسلم شراؤتی کونسل کے زیراہتمام آج سنیچر کو ہوناور کے مختلف قصبوں کے ہونہار طلبا کو تعلیمی ایوارڈ سے نوازنے اور اُن کی ہمت آفزائی کرنے ایک تہنیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں نو طلبہ و طالبات نے ایوارڈ حاصل کئے۔
پروگرام کا آغاز احمد خواجہ بونگیاکی تلاوت کلام پاک سے ہوا،مولانا سالم سڑلگی نے ترجمہ پیش کیا۔ سعد شمعون سڑلگی نے نعت پاک پیش کی، جس کے بعد بچوں نے خوبصورت پروگرام پیش کیا۔ مولوی ڈاکٹر عبداللہ سکری نے کونسل کی سالانہ رپورٹ پیش کی، جبکہ جناب مظفر شیخ نے ولکی اتحاد اسکول کی کارگزاری پیش کی۔ اس موقع پرمہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے ساحل آن لائن کے چیرمین ڈاکٹر ایس ایم سید خلیل الرحمن نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلما ن تعلیم کے میدان میں کافی پیچھے ہیں، ہمیں تعلیم کے میدان میں کافی آگے جانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جو بھی ترقی ہوئی ہے وہ اسلام کی دین ہے ۔ تعلیم انسان کونہ صرف صحیح رخ عطا کرتی ہے بلکہ ترقی کی منازل پر لے جاتی ہے۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ اگر ہم تعلیمی میدان میں کام کریں گے تو ہمیں کبھی معاشی مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا ۔
مدرسہ ضیا العلوم کنڈلورکے روح رواں مولانا عُبیداللہ کنڈلوری نے اپنا خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف چلنے والی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ختم کرنےکی جو سازش چل رہی ہے اس کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان بھلے کتنےبھی اختلافات کیوں نہ ہوں اس کے باوجود ہمیں ایک ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے معاشرے کے بگاڑ کے تعلق سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کوگیمز اور موبائیل فون میں مگن رکھتے ہوئے انہیں تعلیمی میدان سے دور کرنے کی کوششیں ہورہی ہیں، ہم کو اس طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ہوناور کے معروف وکیل تلکھنی صاحب، بھٹکل تنظیم کے صدر مزمل قاضیا و دیگر نے بھی تعلیم کی اہمیت پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کونسل کے صدر خواجہ اپکار نے پروگرام کی صدارت کی۔انصار عزیز ندوی نے نظامت کی، شمعون خان کے کلمات تشکر اور منکی کے قاضی مولانا شکیل سُکری کی دُعا پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔
جن ہونہاور طلبا کو ایوارڈ تقسیم کئے گئے، اُن کی تفصیلات کچھ اس طرح ہے:
سمسی کی مبارک بنت صادق خان کو حفظ قران مکمل کرنے پر ایوارڈ سے نوازا گیا، اس طالبہ نے مدرسہ المحسنات تینگن گنڈی بھٹکل سے حفظ مکمل کیا تھا۔دیگر ایوارڈ حاصل کرنے والے اس طرح ہیں:
مزمل عبدالمطلب شیخ (ہوناور) مارتھما انگلش میڈیم اسکول میٹرک 98.02فیصد
آصف مقبول حُسین اپکار (ہیرانگڈی) نیشنل پبلک اسکول رانے بنور میٹرک 94.40 فیصد
معاذ محمد غوث خان (سڑلگی) کنڑا ہائی اسکول گیرسُپا میٹرک 94.02 فیصد
سُمرہ حنیف(تمبلے) مارتھماانگلش میڈیم اسکول ہوناور میٹرک 93.60 فیصد
محمد عزیزداؤلجی (ولکی) شری سدی ونائک ہائی اسکول ولکی میٹرک 89.12 فیصد
ذاکرہ بیگم بنت سید آصف (اُپنّی) شری شاردمبا ہائی اسکول اُپنّی میٹرک 88.16فیصد
اس بار پی یو سی سکینڈ کے لئے جنرل کٹیگری میں ہوناور سے گیرسوپا تک کی پٹی کے لئے بھی ایوارڈ دیا جانا طے پایا تھا، اس سال دو طلبا نے 97 فیصد مارکس حاصل کرتے ہوئے ہوناور میں ٹاپ کیا تھا، جس کو دیکھتے ہوئے دونوں کو ایوارڈ کے لئے منتخب کیا گیا:
کمار ادیتیہ شنکر ہیگڈے (گیرسُوپا) ایس ڈی ایم کالج، ہوناور
کماری آر شلپا (ہوناور) ایس ڈی ایم کالج، ہوناور
تقریب میں ساحل آن لائن کے ڈائرکٹر قمر سعدا، تنظیم کے نائب صدر عنایت اللہ شاہ بندری، بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے فضل الرحمن جوکاکو، ہوناور کے حریص رائیکر، خلیج مسلم شراؤتی کونسل کے نائب صدر معظم منا، منصور مختصر، محی الدین سکری، حُسین شیخ، مظفر شیخ وغیرہ اسٹیج پر موجود تھے۔ حاضرین میں ساحل آن لائن کے ڈائرکٹر محمد سمیر کوکاری، بھٹکل مسلم جماعت ریاض کے عبدالسمیع کولا سمیت کافی بڑی تعداد میں حاضرین شریک رہے۔